حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا مرزا یعسوب عباس نے نئی دہلی میں ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی اور ہندوستان و ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
مولانا یعسوب عباس نے ہندوستانی شیعہ برادری کی جانب سے ایرانی صدر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر پزشکیان کا ہندوستان کا دورہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ، دوستی اور تعاون کو مزید بڑھانے کا اہم موقع ہے۔
انہوں نے ایرانی صدر کو ایک خط بھی پیش کیا جس میں ہندوستان اور ایران کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ایران پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی گئی۔
مولانا یعسوب عباس نے کہا کہ ہندوستان اور ایران کے درمیان صدیوں پرانے ثقافتی، علمی، روحانی اور تجارتی روابط موجود ہیں، جنہیں تعلیم، تجارت، ثقافت، سائنس و ٹیکنالوجی، توانائی اور آمدورفت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھا کر مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔
ملاقات میں مغربی ایشیا کی موجودہ صورت حال اور جاری کشیدگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ مولانا یعسوب عباس نے فوری طور پر جنگ اور تشدد میں کمی لانے اور تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے عام شہریوں، خصوصاً بچوں اور اساتذہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ انسانوں کی جانوں کا تحفظ ہر حال میں مقدم ہونا چاہیے۔
مولانا یعسوب عباس نے دہشت گردی، انتہا پسندی اور ہر قسم کے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی عوام اور شیعہ برادری امن، انصاف، مذاکرات اور انسانی اقدار کی حمایت کرتی ہے۔
انہوں نے ایران کے لیے امن، ترقی اور تعمیر نو کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ہندوستان اور ایران کے دیرینہ دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔









آپ کا تبصرہ